ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حیدرآباد کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے بیان کی بھٹکل تنظیم نے کی سخت مذمت ۔ کہا؛ ایسے بدزبانوں کو لگام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے

حیدرآباد کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے بیان کی بھٹکل تنظیم نے کی سخت مذمت ۔ کہا؛ ایسے بدزبانوں کو لگام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے

Fri, 26 Aug 2022 17:02:14    S.O. News Service

بھٹکل 26 اگست   (ایس او نیوز/پریس ریلیز)  حیدرآباد کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کرتے ہوئے تمام عالم اسلام کی دل آزاری کی گئی ہے جس کو  لے کر مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل نے سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ  ایسے بدزبانوں کو لگام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

بھٹکل کے قومی  سماجی ادارے  مجلس اصلاح و تنظیم کے  جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے  پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی تمام مسلمانوں کو ان کے اپنے وجود اوراپنی اولاد سے بھی زیادہ عزیز ہے، اور ان کی شان میں ہتک ادنیٰ سے ادنی مسلمان کے لئے بھی نا قابل برداشت ہے ، افسوس کہ ادھر فرقہ پرست قائدین نے مسلمانوں کے جذبات کو برانگیختہ کرنے کے لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم پر زبان کھولنا شروع کر دیا ہے ، جس کی ایک تازہ  مثال حیدرآباد کے بی جے پی لیڈرٹی راجہ سنگھ کا بے ہودہ اور ناشائستہ بیان ہے، حکومت کو چاہئے کہ ایسے بد زبان لوگوں کو لگام دے، اس سلسلہ میں مؤثر قانون بناۓ اور پہلے سے جو قانون موجود ہے، پوری قوت کے ساتھ اس کو نافذ کرے، مذہبی مقدس شخصیتوں سے لوگوں کے جذبات وابستہ ہوتے ہیں ، تمام لوگوں پر اس کا لحاظ رکھنا ضروری ہے اور مسلمان علماء اور دانشوروں نے ہمیشہ اس کا لحاظ رکھا ہے۔

عبدالرقیب نے  مسلمانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صبر و تحمل  سے کام لیں ، ساتھ ساتھ  انہوں نے مسلم تنظیموں ، مدارس  اور مسجدوں کے ذمہ داران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے  قرب و جوار کے غیرمسلم بھائیوں کو مدعو کر کے ان کے سامنے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی اورسچی سیرت پیش کرنے کی کوشش کریں اوربعض برادران وطن کے اندرپھیلی غلط فہیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں۔


Share: